ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی کابینہ میں توسیع کا راہل گاندھی فیصلہ کریں گے

ریاستی کابینہ میں توسیع کا راہل گاندھی فیصلہ کریں گے

Thu, 20 Dec 2018 21:22:39    S.O. News Service

بنگلورو،20؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی کابینہ میں توسیع کے متعلق غیر یقینی صورتحال کے درمیان آج ریاستی کانگریس قائدین کا گروپ پارٹی صدر راہل گاندھی سے تبادلۂ خیال کے لئے دہلی روانہ ہوگیا۔ کل صبح راہل گاندھی کی رہائش گاہ پر راہل گاندھی سے ان کی ملاقات طے ہے ، میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوگا کہ کابینہ میں توسیع ہوگی یا نہیں ، حالانکہ 22 دسمبر کو کابینہ میں توسیع کرنے کے لئے تاریخ طے کردی گئی ہے اور راج بھون کے انتظامیہ کو اس کی اطلاع بھی دے دی گئی ہے۔ لیکن صدر کانگریس راہل گاندھی سے اگر کل منظوری نہیں ملی تو اس پروگرام کو موخر بھی کیا جاسکتا ہے۔

کانگریس کے ریاستی قائدین کا کہنا ہے کہ 22 دسمبر کو ہر حال میں توسیع ہوکر رہے گی، لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی کہاجارہا ہے کہ یہ توسیع پارٹی صدر کی منظوری پر منحصر ہے۔ کابینہ میں توسیع کو لے کر پارٹی کے ان اراکین میں جو وزارت سے محروم ہیں برگشتگی برقرار ہے۔ یہ طے کیا گیا ہے کہ کابینہ کی توسیع کے مرحلے میں کانگریس کے حصے میں آنے والی چھ میں سے چار نشستوں کو پر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ کمار سوامی وزارت میں شامل زیادہ سے زیادہ پانچ وزراء کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا اور ان کی جگہ وزارت کے پانچ دعویداروں کو موقع مل سکتاہے۔جن وزراء کوعہدو ں سے ہٹایا جاسکتاہے ان میں چامراج نگر کے رکن اسمبلی پٹ رنگا شٹی، وزیر برائے بہبودئ خواتین واطفال ڈاکٹر جئے مالا، وزیر جنگلات آر شنکر، وزیر محنت وینکٹ رمنپا وغیرہ کے نام لئے جارہے ہیں۔ ان وزراء کی برطرفی کے بعد وزارت کے دعویداروں کو موقع ملا تو کانگریس اعلیٰ کمان کو یہ امید ہے کہ برگشتگی کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ وزارت میں توسیع وردوبدل کے ساتھ کانگریس کے حصے میں آنے والی 20 سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کی چیرمین شپ پر بھی اراکین اسمبلی کا تقرر ہوجائے گا اور ساتھ ہی پارلیمانی سکریٹری کے طور پر کانگریس کے حصے میں آنے والے چھ عہدوں کو پر کیا جائے گا۔ 


Share: